
اسلام آباد، 10 نومبر 2026 (کامران راجہ): سابق پاکستانی کرکٹ کپتان شاہد آفریدی نے قومی کھیل ہاکی کے احیا کی کوششوں کے تحت نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی) کی مجوزہ ہاکی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل شروع کردیا ہے۔ نیشنل بینک کے مشیر شاہد آفریدی اپنے اسپورٹس اسٹاف کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے، جہاں باصلاحیت ہاکی کھلاڑیوں کی تلاش اور ابتدائی شارٹ لسٹنگ کا عمل شروع کیا گیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے مطابق کسی بڑے قومی ادارے کی جانب سے مستقل ہاکی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ پاکستان میں اس کھیل کے فروغ اور بحالی کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اس اقدام سے ابھرتے ہوئے ہاکی کھلاڑیوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے جبکہ انہیں اپنی صلاحیتیں نکھارنے اور پیشہ ورانہ کیریئر بنانے کے لیے سازگار ماحول بھی فراہم ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ قومی کھیل کی بحالی کے لیے ادارہ جاتی تعاون، ملازمت کا تحفظ اور باقاعدہ مقابلوں کے مواقع انتہائی اہم ہیں۔ نئی ٹیم کے لیے کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل جاری ہے، تاہم اسکواڈ کے حجم اور آئندہ مقابلوں کے شیڈول سے متعلق تفصیلات تاحال جاری نہیں کی گئیں۔