
اسلام آباد، 10 نومبر 2026 (کامران راجہ): شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں جاری سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے 700 کلوگرام مقامی طور پر تیار کردہ دھماکا خیز مواد، ایک میزائل اور دیگر متعلقہ سامان برآمد کرلیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران مزید 62 گھروں اور متعدد کمپاؤنڈز کی تلاشی لی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اپی گاؤں اور حیدر خیل کے درمیان 17، مسکی میں 28 جبکہ دیگر علاقوں میں 17 کمپاؤنڈز کی تلاشی مکمل کرلی گئی، اس کے علاوہ حسو خیل میں 14 مشتبہ مقامات کو بھی کلیئر کیا گیا۔ مساکی میں کارروائی کے دوران 700 کلوگرام مقامی ساختہ دھماکا خیز مواد برآمد ہوا، جبکہ حسو خیل سے الفاروق میزائل، 200 کلوگرام یوریا اور دیگر متعلقہ سامان قبضے میں لیا گیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں اور ان کے زیر استعمال ٹھکانوں کو مکمل طور پر کلیئر کرنے تک آپریشن جاری رہے گا۔ یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایک روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے میر علی کے جنوبی مضافات میں واقع موزک گاؤں کی مساجد کے اندر قائم دو مبینہ دہشت گرد ٹھکانوں سے بڑی تعداد میں دیسی ساختہ بم، دھماکا خیز مواد، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ ٹھکانے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے وابستہ فتنۃ الخوارج کے تھے، جہاں دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے اور مبینہ طور پر تشدد کے مراکز چلانے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ دوسری جانب پاکستان میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافے کے اعداد و شمار بھی سامنے آئے ہیں۔ عالمی تنظیم آرمڈ کنفلکٹ لوکیشن اینڈ ایونٹ ڈیٹا (اے سی ایل ای ڈی) کے مطابق پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی تعداد 2022 میں 658 سے بڑھ کر 2025 میں 2 ہزار 425 ہوگئی۔ اکتوبر میں وفاقی کابینہ کو پیش کی گئی دو سیکیورٹی رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا میں مارچ 2024 سے ستمبر 2026 کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں 195 فیصد اضافہ ہوا۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ 2026 کے دوران صوبے میں ہونے والے 73 فیصد حملوں میں پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ ڈرونز اور دیسی ساختہ دھماکا خیز آلات بھی سیکیورٹی کے لیے بڑے خطرات بن کر سامنے آئے ہیں۔ پاکستان متعدد بار افغان طالبان حکام پر کالعدم ٹی ٹی پی کو افغان سرزمین سے پاکستان کے اندر حملے کرنے کے لیے محفوظ پناہ گاہیں فراہم کرنے کا الزام عائد کرچکا ہے۔ فروری 2026 میں جاری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی مانیٹرنگ رپورٹ میں بھی افغانستان سے ہونے والے ٹی ٹی پی حملوں میں اضافے کی نشاندہی کی گئی تھی اور کہا گیا تھا کہ افغانستان کے عبوری حکام کی جانب سے گروپ کو زیادہ آزادی اور معاونت حاصل ہے۔ رپورٹ کے مطابق القاعدہ بھی ٹی ٹی پی کو تربیت اور معاونت فراہم کررہی ہے، جبکہ گروپ کے پاس نائٹ ویژن آلات اور ڈرون سسٹمز سمیت جدید ہتھیار بھی موجود ہیں۔