
ممبئی، 30 اکتوبر 2026 (غفران): بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی اہلیہ عالیہ بھٹ کو کینیا کے جنگلی علاقے ماسائی مارا میں شادی کی پیشکش کی تھی، اس وقت قریب ہی تین شیر بھی موجود تھے۔ رنبیر نے یہ دلچسپ واقعہ ٹی وی پروگرام ’’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘‘ میں سنایا، جہاں وہ اپنی آنے والی فلم ’’رامائن‘‘ کی ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئے۔ اداکار نے بتایا کہ انہوں نے پہلے سے اس خاص لمحے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اور اپنے گائیڈ، جو گاڑی بھی چلا رہا تھا، کو جنگل کے ایک مخصوص مقام پر رکنے کی ہدایت کی تھی۔ وہ اپنے ساتھ انگوٹھی بھی لے کر آئے تھے اور گاڑی سے اتر کر گھٹنوں کے بل بیٹھتے ہوئے عالیہ کو شادی کی پیشکش کرنا چاہتے تھے۔ پروگرام کے میزبان امیتابھ بچن نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ایسے یادگار لمحے کا کوئی ثبوت بھی ہونا چاہیے۔ واقعہ یاد کرتے ہوئے رنبیر نے بتایا کہ اس وقت تقریباً 100 میٹر کے فاصلے پر تین شیر کھڑے تھے، جبکہ ان کی ’’شیرنی‘‘ عالیہ ان کے سامنے موجود تھیں اور انہوں نے گھٹنوں کے بل بیٹھ کر انہیں شادی کی پیشکش کی۔ رنبیر نے اس تجربے کو اپنی زندگی کے خوبصورت ترین لمحات میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اسے ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ رنبیر اور عالیہ کی دوستی 2018 میں فلم ’’برہماسترا‘‘ میں ایک ساتھ کام کرنے کے دوران محبت میں تبدیل ہوئی۔ رنبیر نے 2022 میں عالیہ کو شادی کی پیشکش کی، جس کے بعد دونوں نے 14 اپریل 2022 کو ممبئی میں اپنی رہائش گاہ پر شادی کر لی۔