
اسلام آباد، 29 اکتوبر 2026 (نوشین): سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر 30 اکتوبر 2026 کو اسلام آباد کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60ویں سالگرہ کے موقع پر ہو رہا ہے، جبکہ سنگاپور 2027 میں آسیان کی سربراہی سنبھالنے کی تیاری کر رہا ہے۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کریں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور سنگاپور کی سول ڈیفنس فورس (ایس سی ڈی ایف) کے درمیان آفات سے نمٹنے کے شعبے میں تعاون سے متعلق مفاہمت کی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا جائے گا۔ سنگاپور کے وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران پاکستان کی قیادت سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان اور سنگاپور کے درمیان باہمی احترام اور دیرینہ دوستی پر مبنی خوشگوار تعلقات قائم ہیں۔ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط اور وسیع بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔