
لاہور، 29 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن نورین نیازی کو دل کی تکلیف کے باعث کوٹ لکھپت جیل سے لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان کے وکیل رانا مدثر عمر نے نورین نیازی کی ہسپتال منتقلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی طبیعت کا جائزہ لینے کے لیے ابتدائی ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ رانا مدثر عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ جیل میں طبیعت خراب ہونے کے باعث نورین نیازی کو پی آئی سی منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی نے دورانِ حراست ان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وکیل نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ نورین نیازی کی ہسپتال منتقلی کے بارے میں ان کے خاندان کے کسی فرد کو اطلاع نہیں دی گئی۔