
اسلام آباد، 28 اکتوبر 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنے عمانی ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں دونوں رہنماؤں نے تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق عمانی وزیر خارجہ نے اپنے حالیہ دورۂ پاکستان کے دوران پرتپاک مہمان نوازی پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دورے کے دوران طے پانے والی مفاہمت پر عمل درآمد میں پیش رفت یقینی بنانے پر اتفاق کیا، بالخصوص باہمی دلچسپی کے شعبوں تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی میں تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں تسلسل اور مثبت پیش رفت برقرار رکھنے کے لیے اعلیٰ سطحی روابط اور دوروں کے تبادلے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔