Tuesday, November 3

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 دہشت گرد ہلاک

Security Forces Eliminate Nine Indian-Sponsored Terrorists in Balochistan

راولپنڈی، 28 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ پہلے آپریشن کے دوران ضلع کچھی میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کیا گیا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 7 دہشت گرد مارے گئے۔ ضلع وڈھ میں دوسرے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر انہیں روکا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے قومی ایکشن پلان کے تحت منظور کردہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکے۔ دوسری جانب منگل کی شب جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے انگور اڈہ میں پاک افغان سرحد کے قریب فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں ایک شہری شہید جبکہ ایک ہی خاندان کے پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گولہ ایک رہائشی مکان پر گرا، جس سے شہری جانی نقصان ہوا اور علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ ذرائع نے حملے کا ذمہ دار افغان طالبان حکومت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی میں افغان طالبان کی متعدد چوکیوں کو تباہ کر دیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد پر تعینات پاکستانی فوجی کسی بھی ممکنہ جارحیت کا مؤثر جواب دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔