Tuesday, November 3

حکومت اور جماعت اسلامی کا پیٹرولیم ریلیف اور لیوی میں کمی کے لیے کمیٹی بنانے پر اتفاق

Govt, Jamaat-e-Islami Agree to Form Committee on Petroleum Relief, Levy Reduction

اسلام آباد، 28 اکتوبر 2026 (غفران): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے منگل کو امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف فراہم کرنے اور پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے سفارشات مرتب کرنے کی غرض سے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وفد میں جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ، سید فراست شاہ، نصراللہ رندھاوا اور عنایت اللہ شامل تھے۔ وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے معاملے پر مذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر وفد کا شکریہ ادا کیا، جبکہ جماعت اسلامی کے وفد نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اپنا مؤقف پیش کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ سے بخوبی آگاہ ہیں اور حکومت علاقائی بحران کے حل کے لیے بھرپور سفارتی کوششیں کر رہی ہے تاکہ حالات معمول پر آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال حکومتی پالیسیوں کے بجائے علاقائی اور عالمی حالات کے باعث تیل کی قیمتوں میں اضافے سے پیدا ہوئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اپنی مالی استطاعت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ کم آمدنی والے طبقات کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف فراہم کرنے کی اسکیم کے تحت اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ افراد کا اندراج کیا جا چکا ہے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت اور جماعت اسلامی کے تین، تین نمائندوں پر مشتمل مشترکہ کمیٹی دو امور پر حتمی سفارشات پیش کرے گی، جن میں موجودہ پیٹرول ریلیف اسکیم کا دائرہ کار بڑھا کر زیادہ مستحق افراد کو فائدہ پہنچانا اور بجٹ میں پیٹرولیم لیوی میں مرحلہ وار کمی کے لیے قابلِ عمل تجاویز مرتب کرنا شامل ہے۔