
ماسکو، 9 اکتوبر 2026 (غفران): روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے چیچن جمہوریہ کے سربراہ رمضان قادروف کو سکیورٹی آپریشنز اور فوجی سرگرمیوں میں کردار کے اعتراف میں کرنل جنرل سے ترقی دے کر آرمی جنرل کے اعلیٰ فوجی عہدے پر فائز کر دیا ہے۔ چیچنیا کے دارالحکومت گروزنی میں منعقدہ تقریب کے دوران روسی نیشنل گارڈ کے سربراہ وکٹر زولوتوف نے رمضان قادروف کو آرمی جنرل کے عہدے کی علامت والے نئے شولڈر بورڈز اور اسپیشل فورسز سے منسوب میرون رنگ کی بیریٹ پیش کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے زولوتوف نے کہا کہ صدر پیوٹن نے انہیں صدارتی حکم نامہ قادروف تک پہنچانے کی ہدایت کی تھی، جس کے تحت انہیں کرنل جنرل سے آرمی جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ان کے مطابق یہ اعزاز دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف کارروائیوں، روس کی داخلی اور عوامی سلامتی کے تحفظ، اسپیشل فورسز کی ترقی اور جنگی مشنز میں مصروف فوجی یونٹس کی معاونت میں قادروف کے کردار کے اعتراف میں دیا گیا۔ زولوتوف نے کہا کہ قادروف نے مسلح گروہوں کے خلاف کارروائیوں میں ذاتی طور پر حصہ لیا، جبکہ چیچن قیادت نے روسی وزارتِ دفاع اور نیشنل گارڈ کے مختلف یونٹس کی تربیت اور انہیں سازوسامان فراہم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ترقی کا عہدہ قبول کرتے ہوئے قادروف نے اسے اعتماد کی علامت قرار دیا اور کہا کہ اعلیٰ عہدے اور اعزاز کے ساتھ ذمہ داریاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ رمضان قادروف کو اس سے قبل اکتوبر 2022 میں کرنل جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔ آرمی جنرل روس میں اعلیٰ ترین فعال فوجی عہدوں میں شمار ہوتا ہے اور اس سے اوپر مارشل آف دی رشین فیڈریشن کا عہدہ ہے، جو آخری مرتبہ 1997 میں دیا گیا تھا۔ تقریب میں روسی نیشنل گارڈ کے اعلیٰ حکام، شمالی قفقاز ڈسٹرکٹ کے کمانڈرز، فوجی اہلکاروں اور دیگر سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر متعدد اہلکاروں کو بہادری اور خدمات کے اعتراف میں ریاستی اور محکمانہ اعزازات بھی دیے گئے۔ رمضان قادروف نے وکٹر زولوتوف کو ہیرو آف دی چیچن ریپبلک کا اعزاز دیا، جبکہ نیشنل گارڈ کے نائب سربراہ کرنل جنرل اناتولی مالخین کو آرڈر آف قادروف سے نوازا گیا۔