Wednesday, October 7

فیلڈ مارشل عاصم منیر اور انتونیو گوتریس کے درمیان علاقائی سلامتی، کشمیر اور عالمی امن پر تبادلہ خیال

CDF Munir, Guterres Discuss Regional Security, Kashmir Issue and UN Peace Efforts

راولپنڈی، 7 اکتوبر 2026 (کامران راجہ): اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی، عالمی امن و سلامتی اور استحکام کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور عالمی امن و سلامتی کے فروغ میں اقوام متحدہ کے کردار پر گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے علاقائی استحکام، جموں و کشمیر کے تنازع، بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو التوا میں رکھنے اور افغانستان سے پیدا ہونے والی دہشت گردی کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں پاکستان کے کردار اور خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی قیادت میں امن، استحکام اور انسانی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے کردار کو بھی سراہا۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ اور اقوام متحدہ کے امن مشنوں میں پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی قربانیوں اور خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انتونیو گوتریس نے عالمی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کے مسلسل عزم کو تسلیم کرتے ہوئے علاقائی تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔