
کراچی، 4 اکتوبر 2026 (نوشین): پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں، جہاں ان کے نئے عربی ٹیٹو نے خاصی دلچسپی پیدا کردی ہے۔ ٹیٹو پر درج عبارت خود سے محبت اور اپنی ذات کو ترجیح دینے کے پیغام پر مبنی ہے۔ ڈرامہ کبھی میں کبھی تم سے غیر معمولی شہرت حاصل کرنے والی ہانیہ عامر کے پاکستان سمیت بیرون ملک بھی بڑی تعداد میں مداح ہیں اور وہ سوشل میڈیا پر بھی خاصی فعال رہتی ہیں۔ ڈرامہ میرے ہمسفر میں ہالہ کے کردار نے بھی ان کی مقبولیت میں مزید اضافہ کیا اور انہیں پاکستان کی نمایاں ٹیلی ویژن اداکاراؤں میں شامل کر دیا۔ اداکاری کے ساتھ ہانیہ عامر نے فیشن اور اسٹائل کے حوالے سے بھی اپنی منفرد شناخت بنائی ہے، جبکہ ان کے زیورات، سادہ مگر پرکشش ملبوسات اور خاص طور پر ان کا پکسی کٹ ہیئر اسٹائل اکثر مداحوں کی توجہ حاصل کرتا ہے۔ ٹیٹو بھی ان کے ذاتی اسٹائل کا نمایاں حصہ بن چکے ہیں۔ حالیہ سوشل میڈیا تصاویر میں ان کے بائیں بازو پر کلائی سے کچھ اوپر موجود عربی ٹیٹو خاص طور پر نمایاں نظر آیا۔ ٹیٹو پر درج عربی عبارت کا مفہوم ’’سب سے پہلے خود سے محبت کریں‘‘ ہے، جو اس تصور کی عکاسی کرتا ہے کہ دوسروں کے ساتھ تعلقات قائم رکھتے ہوئے انسان کو اپنے جذبات، ضروریات اور فلاح و بہبود کو بھی اہمیت دینی چاہیے۔