Friday, October 2

ہالی ووڈ اداکار جِم کیری نے 64 سال کی عمر میں تیسری شادی کرلی

Hollywood Actor Jim Carrey Marries for Third Time at 64

لاس اینجلس، 2 اکتوبر، 2026 (غفران): ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور کامیڈین جِم کیری نے اپنی دیرینہ گرل فرینڈ من آہ سے لاس اینجلس میں ایک نجی تقریب کے دوران شادی کرلی، جو 64 سال کی عمر میں ان کی تیسری شادی ہے۔ اطلاعات کے مطابق شادی کی مختصر تقریب میں قریبی دوستوں اور اہل خانہ نے شرکت کی۔ جِم کیری اور من آہ کے درمیان شادی کی خبریں پہلے ہی گردش کر رہی تھیں، تاہم اداکار کے نمائندے نے ’پیپل‘ میگزین سے گفتگو کرتے ہوئے شادی کی تصدیق کردی۔ اطلاعات کے مطابق جِم کیری نے طویل عرصے تک اپنے تعلق کو میڈیا کی نظروں سے دور رکھا اور دونوں کو صرف چند مواقع پر ایک ساتھ دیکھا گیا۔ شادی سے کچھ عرصہ قبل فرانس میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران جِم کیری نے پہلی مرتبہ من آہ کے لیے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا اور اپنے خاندان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں اپنی بہترین ساتھی قرار دیا۔ رپورٹس کے مطابق دونوں کئی سال سے ایک دوسرے کے ساتھ ہیں اور فروری 2022 میں انہیں لاس اینجلس میں ایک فلاحی کامیڈی شو سے باہر نکلتے ہوئے بھی دیکھا گیا تھا۔ جِم کیری ماضی میں ہالی ووڈ کی مصروف زندگی سے کچھ فاصلے پر پرسکون زندگی گزارنے کی خواہش کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔ من آہ سے شادی سے قبل جِم کیری دو مرتبہ شادی کرچکے ہیں۔ ان کی پہلی شادی اداکارہ میلیسا وومر سے 1987 میں ہوئی تھی، جو 1995 میں ختم ہوگئی، اور دونوں کی ایک بیٹی جین ہے۔ اس کے بعد جِم کیری نے اداکارہ لارین ہولی سے 1996 میں شادی کی، تاہم یہ رشتہ ایک سال بعد 1997 میں ختم ہوگیا۔ من آہ کے ساتھ تیسری شادی کے بعد جِم کیری کی نجی زندگی ایک بار پھر میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔