
غزہ، 30 ستمبر, 2026 (نوشین): فلسطینی محکمہ صحت اور طبی ذرائع کے مطابق غزہ کی پٹی میں بدھ کے روز مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں کم از کم 6 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔ طبی ذرائع نے بتایا کہ غزہ شہر کے تل الہوا علاقے میں ایک گاڑی پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں کم از کم 4 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے، جبکہ شہر کے ایک اور علاقے میں ایک اپارٹمنٹ پر کیے گئے پہلے فضائی حملے میں ایک خاتون جاں بحق ہوئی۔ بعد ازاں خان یونس میں ایک مسجد کے باہر اسرائیلی فضائی حملے میں ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے، جس کے بعد بدھ کے روز ہلاکتوں کی مجموعی تعداد کم از کم 6 ہوگئی۔ اسرائیلی فوج نے ان حملوں کے حوالے سے فوری طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ اسرائیل کا الزام ہے کہ حماس اکتوبر میں ہونے والی جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دوبارہ مسلح ہورہی ہے اور حملے کررہی ہے، تاہم حماس نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسرائیل پر غزہ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔ جنگ بندی معاہدے میں غزہ کی تعمیر نو کی بات کی گئی ہے، تاہم حماس کے غیر مسلح ہونے اور اسرائیلی فوج کے انخلا سے متعلق اختلافات کے باعث مذاکرات میں محدود پیش رفت ہوئی ہے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق جنگ بندی کے بعد بھی غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے جاری رہے ہیں اور اس عرصے کے دوران کم از کم 1400 فلسطینی جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس دوران اس کے 4 فوجی ہلاک ہوئے۔ فلسطینی حکام کے مطابق اکتوبر 2023 میں اسرائیل کے خلاف حماس کی قیادت میں جنگجوؤں کے حملے کے بعد شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائی میں اب تک 74 ہزار سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق ابتدائی حملے میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔