
لاس اینجلس، 28 ستمبر 2026 (غفران): میڈونا اور سبرینا کارپنٹر نے بہترین اشتراکی گانے کا ایوارڈ جیت لیا، جبکہ کے پاپ سپر اسٹار لیزا نے لاس اینجلس میں منعقدہ ایم ٹی وی کے سالانہ ویڈیو میوزک ایوارڈز میں بہترین پاپ ویڈیو کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ میڈونا اور سبرینا کارپنٹر نے ’’برنگ یور لو‘‘ پر بہترین اشتراکی گانے کا ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ دونوں نے تقریب کا آغاز بھی اسی گانے کی پُرجوش پرفارمنس سے کیا۔ میڈونا نے سبرینا کارپنٹر کے ساتھ کام کرنے کو خوشگوار تجربہ قرار دیا۔ بلیک پنک کی رکن لیزا نے اپنی سولو ویڈیو ’’ڈریم‘‘ کے لیے بہترین پاپ ویڈیو کا ایوارڈ جیتا اور اپنے مداحوں، جنہیں ’’للیز‘‘ کہا جاتا ہے، کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں۔ ٹیلر سوئفٹ بھی تقریب میں شریک ہوئیں اور انہیں میوزک ویڈیوز کی ہدایت کاری میں خدمات کے اعتراف میں پہلے ایم ٹی وی وی ایم اے آرٹسٹ ڈائریکٹر آنرز سے نوازا جانا تھا۔ ٹیلر سوئفٹ، میڈونا اور سبرینا کارپنٹر تقریب کے سب سے بڑے اعزاز ’’ویڈیو آف دی ایئر‘‘ کے لیے بھی نامزد تھیں، جبکہ اہم کیٹیگریز کے فاتحین کا انتخاب مداحوں کے ووٹوں سے کیا گیا۔ تقریب سی بی ایس اور ایم ٹی وی پر براہِ راست نشر کی گئی جبکہ اسے پیراماؤنٹ پلس پر بھی اسٹریم کیا گیا۔