
پشاور، 28 ستمبر 2026 (کامران راجہ): لکی مروت پولیس اور محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے مشترکہ آپریشن کے دوران مطلوب دہشت گرد کمانڈر منظور کو ہلاک کر دیا۔ سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) کے مطابق ہلاک ہونے والا کمانڈر دہشت گردی کے متعدد مقدمات اور شہریوں پر حملوں میں مطلوب تھا۔ آپریشن عبدل خیل کے علاقے میں میچ کھیل کر واپس آنے والے کھلاڑیوں پر حملے میں ملوث مبینہ دہشت گردوں کے خلاف کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایک روز قبل ہونے والے اس حملے میں تین فوجی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوئے تھے۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے منظور کو ہلاک کرکے اس کی لاش تحویل میں لے لی۔ پولیس نے بتایا کہ دیگر مشتبہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق آپریشن میں پیش رفت کے ساتھ مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔