
ناگویا، 25 ستمبر 2026 (نوشین): پاکستان نے ایشین گیمز 2026 میں ایک اور تمغہ یقینی بنا لیا، جہاں اسکواش کے کھلاڑی نور زمان اور محمد اصحاب عرفان نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ناگویا کِن جو فُوتو ایرینا میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل مقابلوں میں نور زمان نے ہانگ کانگ کے چی ہِن ہنری لیونگ کو شکست دی، جبکہ محمد اصحاب عرفان نے بھارت کے ویر چوترانی کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دی۔ اصحاب نے پہلا گیم 6-11 سے ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلے تین گیمز 11-8، 11-6 اور 11-6 سے جیت لیے۔ سیمی فائنل میں نور زمان کا مقابلہ ملائیشیا کے این یاؤ نگ سے ہوگا، جبکہ اصحاب عرفان دوسرے سیمی فائنل میں بھارت کے ابھے سنگھ کے مدمقابل ہوں گے، دونوں مقابلے ہفتے کو کھیلے جائیں گے۔ دونوں پاکستانی کھلاڑیوں کی فتوحات کے بعد مردوں کے سنگلز مقابلے میں پاکستان کا کم از کم کانسی کا تمغہ یقینی ہوگیا ہے۔ یہ 2002 کے بعد پہلا موقع ہے کہ پاکستان کے دو کھلاڑی ایشین گیمز کے اسکواش سیمی فائنل میں پہنچے ہیں۔ اس سے قبل دونوں کھلاڑی جمعرات کو آخری 16 کے مقابلوں میں کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں پہنچے تھے اور کسی بھی گیم میں شکست نہیں کھائی تھی۔ نور زمان نے کویت کے عمار التمیمی کو 11-4، 11-9، 11-4 سے جبکہ اصحاب عرفان نے سعودی عرب کے محمد النفسان کو 11-9، 11-3، 11-5 سے شکست دی تھی۔ اصحاب عرفان نے کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ویر چوترانی کو سخت حریف قرار دیا اور کہا کہ ایشین گیمز میں اولمپکس کے لیے کوالیفائی کرنے کی اہمیت کے باعث انہیں معلوم تھا کہ مقابلہ آسان نہیں ہوگا۔