
اسلام آباد، 22 ستمبر، 2026 (غفران): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ مسلم امہ کے اجتماعی شعور کا مرکز ہے، جبکہ اسرائیل غزہ میں روزانہ جنگ بندی کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ تنظیم تعاون اسلامی (او آئی سی) کی فلسطین کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ چھ رکنی کمیٹی کی ذمہ داری ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے لیے سیاسی اور سفارتی حمایت متحرک کرے اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں اور غزہ کی صورتحال پر فوری توجہ دی جائے۔ انہوں نے غزہ میں تنازع کے خاتمے کے لیے امریکا، مصر، قطر اور ترکیہ کی کوششوں کو سراہا اور مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کے احاطے میں انتہا پسند اسرائیلی آبادکاروں کی دراندازی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، جبکہ مسجد اقصیٰ اور یروشلم میں تمام اسلامی و مسیحی مقدس مقامات کی قانونی حیثیت برقرار رکھی جانی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان غزہ امن منصوبے اور متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد کی حمایت کرتا ہے، جبکہ غزہ کی تعمیر نو اور اس کے انتظامی معاملات فلسطینی قیادت کے تحت ہونے چاہئیں۔ نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان بین الاقوامی اور انسانی قانون کی خلاف ورزیوں کے احتساب کی بھی حمایت کرتا ہے۔