Monday, September 21

وزیراعظم کی ایندھن سبسڈی ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کا جائزہ، اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس

DPM Ishaq Dar Reviews Implementation of Prime Minister’s Fuel Subsidy Relief Scheme

اسلام آباد، 19 ستمبر 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیر صدارت نیشنل اسٹیئرنگ کمیٹی برائے فیول سبسڈی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک بھر میں ایندھن اسٹیشنز کی بھاری اکثریت اب سسٹم پر فعال ہوچکی ہے جبکہ شہری فیول ٹوکنز سے استفادہ کر رہے ہیں، اور اسکیم کے تحت رجسٹریشن کا عمل ملک بھر میں ایس ایم ایس کے ذریعے 9771 پر جاری ہے۔ کمیٹی نے ان علاقوں میں جہاں انٹرنیٹ کی سہولت دستیاب نہیں، موجود فیول اسٹیشنز پر ایس ایم ایس کے ذریعے فیول ٹوکنز ریڈیم کرنے کی منظوری دی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور صوبوں کو ایسے اسٹیشنز کی فہرستیں فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ انہیں بلا تاخیر اسکیم میں شامل کیا جاسکے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اجلاس کو بتایا کہ گزشتہ تین روز کے دوران موصول ہونے والے تمام ادائیگی کے دعوے مکمل طور پر نمٹا دیے گئے ہیں اور ہر روز موصول ہونے والے دعووں پر اسی روز کارروائی کی جارہی ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ ہر وہ فیول اسٹیشن جو کھلا اور فعال ہے اسے سسٹم میں شامل کیا جائے جبکہ مستقل طور پر بند اسٹیشنز یا صرف ڈیزل فروخت کرنے والے اسٹیشنز کی نشاندہی کرکے انہیں فہرست سے خارج کیا جائے تاکہ اسکیم کی کوریج زمینی صورتحال کے مطابق ہو۔ نائب وزیراعظم نے صوبائی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ریلیف بلا رکاوٹ مستحق افراد تک پہنچنا چاہیے۔ اجلاس میں وفاقی وزرائے پٹرولیم، اقتصادی امور، اطلاعات و نشریات اور آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن، ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان، چیئرمین اوگرا، چیئرمین پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی، سیکریٹری پٹرولیم، چیف کمشنر اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ایڈیشنل چیف سیکریٹریز جبکہ آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، بلوچستان اور متعلقہ وفاقی و صوبائی محکموں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔