
لاہور، 16 ستمبر 2026 (غفران): پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان کو صدر آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا ہے، جبکہ صدارتی انتخاب 24 ستمبر 2026 کو ہوگا۔ پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ نواز شریف نے ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو صدر آزاد کشمیر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے پارٹی قیادت کی جانب سے ڈاکٹر نجیب نقی کو نامزدگی پر مبارکباد دی اور کہا کہ پارٹی کی اعلیٰ قیادت اور نواز شریف نے مشاورت کے بعد ڈاکٹر نجیب نقی کے نام کی منظوری دی۔ ڈاکٹر نجیب نقی آزاد کشمیر کے پونچھ ڈویژن کے حلقہ سدھنوتی پلندری سے تعلق رکھتے ہیں اور اس سے قبل آزاد کشمیر حکومت میں وزیر کی حیثیت سے مختلف اہم محکموں کے قلمدان سنبھال چکے ہیں۔ اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر نے آئینی عمل کے تحت آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کا باضابطہ شیڈول جاری کیا تھا۔ شیڈول کے مطابق آزاد کشمیر کے نئے صدر کا انتخاب 24 ستمبر 2026 کو ہوگا۔