
کراچی، 15 ستمبر 2026 (نوشین): پاکستانی اداکار ڈینش تیمور کو نئے ڈرامے میں ایک بار پھر اسی نوعیت کا کردار ادا کرنے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے، جہاں ناظرین نے پاکستانی ڈراموں میں امیر، طاقتور اور غصے والے ہیرو کے کردار بار بار دہرائے جانے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ نئے ڈرامے میں ڈینش تیمور شاہ داؤد جبکہ انمول بلوچ بریرہ اعجاز کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ شاہ داؤد کو ایک بااثر اور طاقتور شخص کے طور پر دکھایا گیا ہے جو اپنی مرضی منوانے کا عادی ہے، جبکہ بریرہ اس کے دباؤ کے سامنے جھکنے سے انکار کرتی ہے۔ حالیہ اقساط میں شاہ داؤد کے جارحانہ اور کنٹرولنگ رویے کے بعد ناظرین نے کہانی پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈراموں میں امیر اور طاقتور ہیرو کو غصیلے اور حاوی شخصیت کے طور پر پیش کرنے کا فارمولا بار بار دہرایا جا رہا ہے۔ کئی سوشل میڈیا صارفین نے خصوصاً ڈینش تیمور سے مختلف اور منفرد کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ وہ گزشتہ کئی ڈراموں میں بااثر، غصیلے اور پوزیسیو کرداروں میں نظر آچکے ہیں۔