Tuesday, September 15

دلجیت دوسانجھ کی ویمبلی میں تاریخی پرفارمنس، نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت

Diljit Dosanjh Pays Tribute to Nusrat Fateh Ali Khan at Historic Wembley Performance

لندن، 15 ستمبر 2026 (غفران): بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ نے لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں اپنی تاریخی پرفارمنس کے دوران پاکستان کے لیجنڈری قوال استاد نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ دلجیت دوسانجھ ویمبلی اسٹیڈیم میں مرکزی پرفارمنس دینے والے پہلے پنجابی گلوکار بن گئے، جہاں انہوں نے اپنی ’’آورا ورلڈ ٹور‘‘ کے تحت تقریباً 90 ہزار افراد کے سامنے پرفارم کیا۔ ان کی ٹیم کی جانب سے انسٹاگرام پر شیئر کی گئی پوسٹس کے مطابق کنسرٹ میں بڑی تعداد میں مداح شریک ہوئے۔ پرفارمنس کے دوران دلجیت دوسانجھ نے نصرت فتح علی خان سے منسوب معروف کلام ’’سانسوں کی مالا پہ‘‘ پیش کیا۔ مداحوں نے روشنیاں لہراتے ہوئے گلوکار کا ساتھ دیا اور ان کے ساتھ گاتے رہے، جس سے ویمبلی اسٹیڈیم میں ایک یادگار اور جذباتی ماحول پیدا ہوگیا۔ نصرت فتح علی خان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے پر شائقین اور سوشل میڈیا صارفین نے دلجیت دوسانجھ کو سراہا، جبکہ کئی صارفین نے اس پرفارمنس کو جنوبی ایشیائی موسیقی کی ایسی خوبصورت مثال قرار دیا جو سرحدوں سے بالاتر ہے۔ ویمبلی اسٹیڈیم اس سے قبل مائیکل جیکسن، کوئین، میڈونا، ڈیوڈ بووی اور یو ٹو سمیت عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کی میزبانی کرچکا ہے۔ دلجیت دوسانجھ نے عالمی موسیقی کے منظرنامے پر کئی اہم سنگِ میل بھی عبور کیے ہیں۔ 2023 میں وہ کوچیلا میں پرفارم کرنے والے پہلے پنجابی فنکار بنے۔ جون 2024 میں انہوں نے ’’دی ٹونائٹ شو اسٹارنگ جمی فالن‘‘ میں پہلی بار شرکت کی، جبکہ بعد ازاں وہ ’’بل بورڈ‘‘ میگزین کے سرورق پر آنے والے پہلے جنوبی ایشیائی فنکار بھی بن گئے۔ 42 سالہ دلجیت دوسانجھ نے پنجابی لوک موسیقی کو جدید ہپ ہاپ اور پاپ موسیقی کے اثرات کے ساتھ جوڑ کر عالمی سطح پر پذیرائی حاصل کی ہے اور پنجابی موسیقی کو دنیا بھر کے سامعین تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔