Sunday, September 13

پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن کے مذاکرات گورنر ہاؤس میں اختتام پذیر

PPP, PML-N Talks Conclude at Governor House

لاہور، 13 ستمبر 2026 (نوشین): پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رابطہ کمیٹیوں کا اہم اجلاس گورنر ہاؤس میں اختتام پذیر ہوگیا، جس میں دونوں جماعتوں نے زیر التوا معاملات حل کرنے اور اتحادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) پر زور دیا کہ وہ اتحادی معاملات کو جاری رکھنے کے حوالے سے اپنی پوزیشن واضح کرے اور کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) اتحادی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے تیار نہیں تو اپنے ارادے واضح کرے تاکہ پیپلز پارٹی اپنی آئندہ کی حکمت عملی طے کرسکے۔ مسلم لیگ (ن) کے نمائندوں نے یقین دہانی کرائی کہ مختلف امور پر اتفاق رائے پیدا ہوگیا ہے اور پیپلز پارٹی کے تحفظات دور کرکے آئندہ تعاون کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اجلاس میں رحیم یار خان اور ملتان کی ضلعی ترقیاتی کمیٹیوں کی سربراہی پیپلز پارٹی کو دینے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ اسمبلی کے تمام منتخب ارکان کو مساوی ترقیاتی فنڈز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مزید برآں پیپلز پارٹی کو مختلف ضلعی سطح کی کمیٹیوں میں نمائندگی دینے اور تقرریوں و تبادلوں سے متعلق معاملات میں پیپلز پارٹی سے مشاورت پر بھی اتفاق کیا گیا۔ شرکاء نے پنجاب کے گورنر اور وزیراعلیٰ کے درمیان اختلافات کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دونوں کے درمیان کوئی اختلاف نہیں۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے راجہ پرویز اشرف، مخدوم احمد محمود، علی حیدر گیلانی، ندیم افضل چن اور حسن مرتضیٰ جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق، اعظم نذیر تارڑ، پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک احمد خان اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔ اجلاس میں اتحادی معاملات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔