
اسلام آباد، 12 ستمبر 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین کے لیے پاکستان کے نامزد سفیر علی اسد گیلانی کو ان کی تقرری پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان اور چین کے دیرینہ اور آزمودہ دوستانہ تعلقات کی خصوصی اہمیت پر زور دیا ہے۔ نامزد سفیر علی اسد گیلانی نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے تجارت و سرمایہ کاری، علاقائی روابط، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک)، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ نائب وزیراعظم نے ایشیا پیسیفک کے لیے ایڈیشنل سیکریٹری کے طور پر علی اسد گیلانی کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا تجربہ اور مہارت پاکستان اور چین کے دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے نامزد سفیر کے لیے بیجنگ میں کامیاب مدتِ سفارت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔