
اسلام آباد، 9 ستمبر 2026 (غفران): وزیراعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز آزاد جموں و کشمیر کے نومنتخب وزیراعظم سید افتخار علی گیلانی سے ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی مجموعی صورتحال، امن و امان، ترقیاتی ترجیحات اور جاری عوامی فلاحی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے افتخار علی گیلانی کو آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم منتخب ہونے اور عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے امن و سلامتی، ترقیاتی امور اور خطے میں جاری فلاحی اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم نے آزاد کشمیر کی قیادت کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کی ترقی کے لیے آزاد جموں و کشمیر حکومت کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔ انہوں نے کشمیری عوام کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کے وفاقی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ آزاد کشمیر کے وزیراعظم افتخار علی گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف کے تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت خطے کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب صلاحیتوں اور وسائل کو بروئے کار لائے گی۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ بھی موجود تھے۔