
اسلام آباد، 9 ستمبر 2026 (کامران راجہ): پاکستان نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمد ہونے والی اشیا پر پابندیاں عائد کرنے کے برطانیہ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کے خلاف ایک اہم اقدام قرار دیا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، ترکیہ، مصر، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے مشترکہ طور پر برطانیہ کی جانب سے غیر قانونی اسرائیلی بستیوں سے درآمدات اور ان بستیوں سے منسلک خدمات کے خلاف اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے۔ مشترکہ بیان میں آٹھوں ممالک نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھی اسی طرح کے اقدامات اپنائے اور اسرائیلی بستیوں کے ساتھ تجارت محدود کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ انہوں نے بستیوں کی سرگرمیوں میں ملوث تنظیموں اور افراد کو جوابدہ ٹھہرانے پر بھی زور دیا۔ پاکستان نے کہا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی بستیوں کی مسلسل توسیع بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔