Tuesday, September 8

نشرا سندھو کی 6 وکٹوں کی شاندار کارکردگی، پاکستان ایشیا کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا

Nashra Sandhu’s Six-Wicket Haul Helps Pakistan Storm into Asia Cup Semi-Finals

دبئی، 07 ستمبر 2026 (غفران): پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کو 72 رنز سے شکست دے کر اے سی سی ویمنز ایشیا کپ 2026 کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 144 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہانگ کانگ کی ٹیم 19 اوورز میں 71 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی، کیری چان 47 گیندوں پر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔ پاکستان کے باؤلرز نے ابتدائی اوورز میں ہی حریف ٹیم پر دباؤ بڑھا دیا اور ہانگ کانگ کو پہلے دو اوورز میں 2 رنز پر ایک وکٹ سے محروم کردیا۔ یاسمین داسوانی اور کیری چان نے 31 رنز کی شراکت قائم کرکے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی، تاہم بائیں ہاتھ کی اسپنر نشرا سندھو نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے ہانگ کانگ کے مڈل آرڈر کو تہس نہس کردیا۔ نشرا سندھو نے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں، جو مردوں اور خواتین دونوں کی ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کے کسی بھی باؤلر کی بہترین باؤلنگ ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، شوال ذوالفقار نے 35 گیندوں پر 47 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے شامل تھے۔ عائشہ ظفر نے 26 جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے 24 رنز بنائے۔ ہانگ کانگ کی جانب سے جویلین کور نے 4 اوورز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستان اب 11 ستمبر کو ٹورنامنٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کا مقابلہ کرے گا۔