
اسلام آباد، 5 ستمبر 2026 (غفران): پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن (پی بی سی) کو ایشیا پیسیفک میڈیا پارٹنرشپ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے 16 بانی اراکین میں شامل کر لیا گیا ہے۔ یہ پارٹنرشپ چین کے شہر شینزن میں منعقدہ ایشیا پیسیفک میڈیا فورم کے موقع پر باضابطہ طور پر لانچ کی گئی۔ پی بی سی کی شمولیت پاکستان کے قومی نشریاتی ادارے کے لیے ایک اہم اعزاز ہے اور اس کے ذریعے پاکستان کو ایشیا پیسیفک خطے میں میڈیا اداروں اور تحقیقی مراکز کے درمیان تعاون کے لیے قائم اہم علاقائی پلیٹ فارم پر نمائندگی حاصل ہوگی۔ آرگنائزنگ کمیٹی پارٹنرشپ پروگرام کے قواعد و ضوابط پر مشاورت اور اس کے تحت مختلف سرگرمیوں میں رابطہ کاری کرے گی، جبکہ ژنہوا نیوز ایجنسی پروگرام کے سیکریٹریٹ کی میزبانی کرے گی۔ پارٹنرشپ کے چار بنیادی شعبوں میں اعلیٰ سطحی مکالمہ، مربوط ابلاغ، تکنیکی جدت اور عملی تعاون شامل ہیں۔ اس اقدام کے تحت خبروں اور مواد کا تبادلہ، مشترکہ رپورٹنگ اور پروڈکشن، پیشہ ورانہ تربیت، نیوز رومز کو جدید بنانا اور مصنوعی ذہانت سمیت ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کا ذمہ دارانہ استعمال فروغ پائے گا۔ پی بی سی کی رکنیت پاکستان کو علاقائی میڈیا تعاون سے متعلق مباحث میں مؤثر کردار ادا کرنے، عالمی ناظرین تک پاکستان کا نقطۂ نظر پہنچانے، پیشہ ورانہ شراکت داریوں کو فروغ دینے اور تربیت، تکنیکی مہارت اور مشترکہ منصوبوں سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن سعید احمد شیخ نے پی بی سی کو بانی رکن منتخب کرنے پر فورم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن پاکستان اور ملک کے قدیم ترین نشریاتی ادارے پر اعتماد کے اظہار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ایشیا پیسیفک میڈیا فورم کا انعقاد ’’ایشیا پیسیفک کمیونٹی کے لیے مشترکہ خوشحالی کی راہ ہموار کرنا: میڈیا کا اتفاقِ رائے اور عملی اقدامات‘‘ کے عنوان سے کیا گیا۔ فورم میں 42 ممالک اور خطوں سے تقریباً 400 مندوبین نے شرکت کی، جن میں 200 سے زائد مرکزی دھارے کے میڈیا اداروں، بین الاقوامی تنظیموں، تحقیقی اداروں، سفارت خانوں اور تھنک ٹینکس کے نمائندے شامل تھے۔