Tuesday, September 1

وزیراعظم شہباز شریف کی بیلاروس کے صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت

 

PM Shehbaz Invites Belarus President to Visit Pakistan

بشکیک، 1 ستمبر 2026 (کامران راجہ): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور اقتصادی و اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔  وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کے روز بشکیک میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے اجلاس کے موقع پر بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات میں مثبت پیش رفت اور سیاسی، تجارتی، اقتصادی، دفاعی اور ثقافتی شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے نومبر 2024 میں صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کے پاکستان کے اہم دورے اور اس کے بعد اپریل 2025 میں وزیراعظم شہباز شریف کے بیلاروس کے دورے کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ سطحی روابط نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر لوکاشینکو نے تجارت، صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور فنی تربیت سمیت اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ باہمی مفاہمت کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جائے تاکہ اقتصادی ترقی اور باہمی خوشحالی کو فروغ دیا جا سکے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو کو آئندہ سال پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی، جب وہ شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کے آئندہ چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی روابط، اقتصادی شراکت داری اور عوامی سطح پر رابطوں کے فروغ کے ذریعے پاکستان اور بیلاروس کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔