Saturday, August 29

آزاد کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے حلف اٹھا لیا، ترقی و خوشحالی کے عزم کا اظہار

AJK PM Iftikhar Gilani Takes Oath, Vows Development and Prosperity

مظفرآباد، 28 اگست 2026 (کامران راجہ): نومنتخب وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری طارق فاروق نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم افتخار گیلانی نے وزیراعظم شہباز شریف، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پارٹی قیادت اور ان تمام افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے وزیراعظم کے عہدے کے لیے ان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ افتخار گیلانی نے کہا کہ آزاد کشمیر کو ترقی اور خوشحالی کا مثالی خطہ بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں اور تمام متعلقہ فریقوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اہداف کے حصول کے لیے قانون ساز اسمبلی کے تمام ارکان کی حمایت اور تعاون چاہتی ہے۔ نومنتخب وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ وہ تمام اسمبلی ارکان کے تعاون سے آزاد کشمیر کی بہتری، عوام کی فلاح و بہبود اور خطے کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔