Tuesday, August 25

پاکستان میں عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں عروج پر

Pakistan Gears Up for Eid Milad-un-Nabi Celebrations

لاہور، 25 اگست 2026 (غفران): پاکستان بھر میں نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشی میں عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ ملک بھر کی سڑکوں، بازاروں، مساجد اور سرکاری و نجی عمارتوں کو سبز جھنڈیوں، رنگ برنگی روشنیوں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔ عید میلاد النبی ﷺ 12 ربیع الاول کو کل (بدھ) ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی، جبکہ حکومت نے اس موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ ملک کے مختلف شہروں میں نبی کریم ﷺ کی سیرت، تعلیمات اور حیات مبارکہ کے موضوع پر سیمینارز، کانفرنسز اور محافل نعت کا انعقاد کیا جائے گا، جبکہ مختلف مقامات پر مذہبی جلوس اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔ آج رات ملک بھر کی مساجد میں خصوصی محافل میلاد، درود و سلام کا اہتمام کیا جائے گا، جہاں علما کرام حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ، کردار اور تعلیمات پر روشنی ڈالیں گے۔نبی کریم ﷺ کی آمد کی خوشی میں گلیوں، محلوں، بازاروں اور مساجد کو سبز جھنڈیوں، رنگ برنگی روشنیوں اور سجاوٹی محرابوں سے آراستہ کیا گیا ہے۔ سرکاری و نجی عمارتوں کو بھی برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے جبکہ اہم شاہراہوں اور بازاروں میں خصوصی گیٹ اور آرائشی دروازے بھی نصب کیے گئے ہیں۔ عاشقانِ رسول ﷺ نے اپنی محبت اور عقیدت کے اظہار کے لیے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے خوبصورت ماڈلز بھی تیار کیے ہیں۔ لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں عید میلاد النبی ﷺ کے جلوس نکالے جائیں گے، جن میں شرکا راستے بھر درود و سلام کا ورد کریں گے۔ شرکا اور شہریوں میں کھانے، مٹھائیاں اور دیگر تبرکات تقسیم کرنے کے لیے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ علما کرام کا کہنا ہے کہ نبی کریم ﷺ سے محبت اور عقیدت کا اظہار صرف آپ ﷺ کی ولادت باسعادت کی یاد منانے تک محدود نہیں، بلکہ آپ ﷺ کی تعلیمات پر عمل اور آپ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی میں اپنانا ہی دنیا و آخرت میں کامیابی کا حقیقی راستہ ہے۔