Sunday, August 23

پاکستان، ازبکستان نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا

پاکستان، ازبکستان نے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے پر اتفاق کیا

اسلام آباد، 23 اگست 2026 (کامران راجہ): نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے آج لندن سے ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سعیدوف سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور کرغزستان میں ہونے والے شنگھائی تعاون تنظیم  کے سربراہانِ مملکت کے آئندہ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ازبکستان کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اتفاق کیا کہ وہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے موقع پر ملاقات کریں گے، جہاں مشترکہ دوطرفہ ترجیحات کو مزید آگے بڑھانے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔