Sunday, August 23

چینل کی ’نیکڈ سینڈلز‘ نے سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی

Chanel’s ‘Naked Sandals’ Spark Debate on Social Media

لندن، 23 اگست 2026 (نیوز ڈیسک): فیشن کی دنیا نت نئے اور منفرد ڈیزائنز کے ذریعے لوگوں کو حیران کرتی رہتی ہے، تاہم لگژری فیشن برانڈ چینل کی نئی ’نیکڈ سینڈلز‘ نے اپنی غیر معمولی شکل کے باعث سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کرلی ہے۔ اداکارہ مارگریٹ کوالی اپنی فلم ’دی ڈاگ اسٹارز‘ کے لندن پریمیئر میں یہ منفرد سینڈلز پہن کر پہنچیں۔ پہلی نظر میں ایسا محسوس ہوتا تھا جیسے اداکارہ ریڈ کارپٹ پر ننگے پاؤں آئی ہوں۔ ان سینڈلز کو ’نیکڈ سینڈلز‘ کہا جارہا ہے اور ان کا ڈیزائن روایتی جوتوں سے بالکل مختلف ہے۔ یہ پاؤں کو مکمل طور پر ڈھانپنے کے بجائے بنیادی طور پر ٹخنے کے گرد نمایاں ہوتی ہیں، جبکہ پاؤں کا زیادہ تر حصہ، خصوصاً اگلا حصہ، کھلا رہتا ہے۔ مارگریٹ کوالی کی سامنے سے لی گئی متعدد تصاویر میں یہ اندازہ لگانا بھی مشکل دکھائی دیا کہ انہوں نے سینڈلز پہن رکھی ہیں یا نہیں، جس نے اس منفرد فیشن اسٹائل کو مزید نمایاں کردیا۔ مارگریٹ کوالی کی جانب سے اس غیر روایتی سینڈل کو ریڈ کارپٹ پر پہننے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔ کچھ صارفین نے اس ڈیزائن کو تخلیقی اور دلچسپ قرار دیا، جبکہ دیگر نے اس کی عملی افادیت پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے غیر معمولی فیشن قرار دیا۔مارگریٹ کوالی کا یہ انداز ایک بار پھر اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ فیشن کی دنیا میں تجرباتی جوتوں اور غیر روایتی اسٹائلنگ کا رجحان بڑھ رہا ہے، جبکہ ان کا ریڈ کارپٹ لُک فیشن اور اسٹائل کے شائقین کے درمیان خاصی گفتگو کا موضوع بن گیا ہے۔