Wednesday, August 19

آبنائے ہرمز میں پروجیکٹائل حملہ، عملے کا ایک رکن ہلاک، یو اے ای کا آئل ٹینکر بھی تحویل میں

Projectile Attack in Strait of Hormuz Kills Crew Member, UAE Oil Tanker Seized

تہران، 18 اگست، 2026 (غفران): آبنائے ہرمز میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے جہاں ایک اور تجارتی جہاز کو پروجیکٹائل حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عملے کا ایک رکن ہلاک ہوگیا۔برطانیہ کی میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز کے مطابق منگل کے روز آبنائے ہرمز سے باہر نکلتے ہوئے ایک بحری جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے نتیجے میں جہاز کا انجن روم بری طرح متاثر ہوا اور عملے کا ایک رکن جان کی بازی ہار گیا۔حملے کے بعد جہاز پر موجود دیگر عملے کو عمانی کوسٹ گارڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بحفاظت نکال لیا۔دریں اثنا، تازہ واقعے سے قبل ایران نے آبنائے ہرمز میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے منسلک ایک آئل ٹینکر کو بھی تحویل میں لے لیا تھا۔رپورٹس کے مطابق یو اے ای سے منسلک ٹینکر کو جزیرہ قشم کے قریب اس وقت روکا گیا جب وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے ایران کی جانب سے مقرر کردہ خصوصی راستہ استعمال کر رہا تھا۔ایران کی جانب سے مقرر کردہ اس راستے کے قواعد کے تحت وہاں سے گزرنے والے جہازوں کے لیے فیس کی ادائیگی اور پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ان واقعات کے باعث آبنائے ہرمز میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے، جو عالمی سطح پر بحری تجارت کا ایک انتہائی اہم اور اسٹریٹجک راستہ ہے۔