Friday, August 14

ایرانی صدر کا یومِ آزادی پر پاک ایران تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد، 14 اگست 2026(کامران راجہ): ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے جڑ چکی ہیں۔پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں ایرانی صدر نے پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی اور اس دن کو پاکستان کی کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا ایک نیا موقع قرار دیا۔مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستان کا یومِ آزادی ایران اور پاکستان کے درمیان دیرینہ اور تزویراتی تعلقات کو مزید وسیع اور گہرا کرنے کے لیے ایک تازہ موقع فراہم کرتا ہے۔

ایرانی صدر نے پاکستان کے ساتھ جامع تعلقات کے فروغ کے لیے تہران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کے لیے تیار ہے۔انہوں نے باہمی اعتماد اور احترام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو موجودہ صلاحیتوں اور مشترکہ مواقع سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان قریبی رابطے، باہمی تعاون اور ہم آہنگی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے کیونکہ دونوں ممالک کے مفادات اور تقدیریں ایک دوسرے کے ساتھ تیزی سے منسلک ہو رہی ہیں۔ایرانی صدر نے پاکستان کی مسلسل ترقی، خوشحالی اور پیشرفت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں۔