
ڈارون، آسٹریلیا – 13 اگست 2026 (نوشین):آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرتے ہوئے بائیں ہاتھ کے سب سے کامیاب بولر کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔اسٹارک نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈارون میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیشی اوپنر شادمان اسلام کو آؤٹ کر کے یہ تاریخی ریکارڈ قائم کیا۔ اس وکٹ کے ساتھ ہی اسٹارک کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 434 ہوگئی، جس کے بعد انہوں نے سری لنکا کے سابق عظیم اسپنر رنگنا ہیراتھ کو پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 433 وکٹیں حاصل کی تھیں۔بائیں ہاتھ کے کامیاب ترین بولرز کی فہرست میں پاکستان کے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم 414 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔اکتوبر 2010 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کرنے والے مچل اسٹارک گزشتہ 15 برس سے آسٹریلیا کے بولنگ اٹیک کا اہم حصہ رہے ہیں۔ اپنی تیز رفتاری، سوئنگ اور میچ کا پانسہ پلٹنے والی بولنگ کے باعث وہ اپنی نسل کے بہترین فاسٹ بولرز میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کے علاوہ اسٹارک کو یہ منفرد اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ آئی سی سی کے تینوں بڑے مردوں کے عالمی ٹائٹل جیتنے والی ٹیموں کا حصہ رہ چکے ہیں، جن میں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ، آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ اور آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ شامل ہیں۔ون ڈے کرکٹ میں اسٹارک نے 130 میچوں میں 23.58 کی اوسط سے 247 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ وہ 2015 اور 2023 میں ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیموں کے اہم رکن بھی رہے۔کرکٹ آسٹریلیا نے مچل اسٹارک کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی مستقل مزاجی، مہارت اور اعلیٰ سطح پر طویل عرصے تک شاندار کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔