Thursday, August 13

پنجاب میں مختلف انتظامی محکموں کی 101 آسامیوں کے خاتمے کی منظوری

لاہور، 13 اگست 2026 (نوشین): پنجاب حکومت نے انتظامی اخراجات میں کمی اور سرکاری محکموں کی تنظیمِ نو کے لیے صوبے کے مختلف انتظامی محکموں، بشمول جنوبی پنجاب سیکریٹریٹ، میں 101 آسامیوں کے خاتمے کی منظوری دے دی۔منظوری کے بعد ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب نے محکمہ خزانہ کے 31 جولائی 2026 کے فیصلے کی روشنی میں مذکورہ آسامیوں کے خاتمے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔پنجاب کے اہم انتظامی محکموں میں محکمہ اسکول ایجوکیشن میں سب سے زیادہ چھ آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔ محکمہ خزانہ، محکمہ صحت و آبادی، محکمہ داخلہ اور اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں پانچ، پانچ آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر میں سیکشن آفیسر کی تین آسامیاں ختم کی گئی ہیں، جبکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ و کمیونٹی ڈویلپمنٹ سے بھی تین آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔محکمہ زراعت، محکمہ مواصلات و تعمیرات، محکمہ توانائی، محکمہ ایکسائز، محکمہ فوڈ سیفٹی، محکمہ ہائر ایجوکیشن اور محکمہ آبپاشی میں دو، دو آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔ محکمہ ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ سے بھی دو، دو آسامیاں ختم کی گئی ہیں۔محکمہ تحفظ ماحولیات، صنعت، اطلاعات و ثقافت، خواندگی، لائیو اسٹاک، معدنیات و کان کنی، پبلک پراسیکیوشن، سوشل ویلفیئر و بیت المال اور ویمن ڈویلپمنٹ میں ایک، ایک آسامی ختم کی گئی ہے۔حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد انتظامی اخراجات میں کمی، سرکاری وسائل کے بہتر استعمال اور صوبائی محکموں کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور منظم بنانا ہے۔