Wednesday, August 12

پاکستان اور بیلاروس میں اقتصادی و تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد، 12 اگست 2026 (نوشین) — پاکستان اور بیلاروس نے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق اسلام آباد میں پاکستان-بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس کے دوران کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو نئی سطح پر لے جانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک نے زراعت، صنعت، توانائی، ٹیکنالوجی، دفاع، صحت اور ادویہ سازی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام اور ترجیحی تجارتی نظام کے حوالے سے فزیبلٹی اسٹڈی تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے نئے راستے کھول سکتی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اجلاس کے دوران دستخط کیے جانے والا پروٹوکول مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے جامع روڈ میپ ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنرمند افرادی قوت، مہارتوں کی ترقی، ڈیجیٹل معیشت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کے فروغ میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔جام کمال خان نے کہا کہ باہمی احترام، مشترکہ خوشحالی اور تعاون کے عزم کے ذریعے پاکستان اور بیلاروس کی دیرینہ دوستی مزید مضبوط ہوگی۔ انہوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے دسویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے پاکستان کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔