
اسلام آباد، 11 اگست 2026 (غفران): افغانستان کرکٹ بورڈ (اے سی بی) نے بھارت کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے شیڈول کی تصدیق کردی ہے۔ سیریز کے میچز 13 سے 17 ستمبر تک نئی دہلی میں کھیلے جائیں گے۔ رپورٹس کے مطابق اے سی بی کے چیف ایگزیکٹو نصیب خان نے اسٹیک ہولڈرز کو خط کے ذریعے تصدیق کی کہ 2026 میں بھارت کے دورہ افغانستان کی تاریخیں بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے ساتھ حتمی اور متفقہ طور پر طے کرلی گئی ہیں۔ اے سی بی کے مطابق سیریز کے مجوزہ میچز کے وینیوز بھی حتمی کرلیے گئے ہیں، تاہم سیریز کا باضابطہ اعلان متعلقہ حکام کی جانب سے کیا جائے گا۔ اے سی بی نے کہا ہے کہ اس تصدیق کا مقصد میڈیا رائٹس ہولڈرز کو شیڈولنگ، پروڈکشن، وسائل کی تقسیم اور تشہیری سرگرمیوں سمیت دیگر انتظامات کی پیشگی منصوبہ بندی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔
افغانستان اور بھارت کی سیریز کے شیڈول کے باعث بنگلہ دیش کے بھارت کے وائٹ بال دورے پر بھی سوالات اٹھ گئے ہیں۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے ابتدائی طور پر بھارت کے خلاف تین ون ڈے میچز یکم، 3 اور 6 ستمبر جبکہ تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 12 اور 13 ستمبر کو شیڈول کیے تھے۔ نئے شیڈول کے باعث بھارتی ٹیم کے لیے سفر اور آرام کا وقت انتہائی محدود ہوجائے گا اور ایک میچ دوسرے شیڈول سے متصادم بھی ہوسکتا ہے۔ اس صورتحال میں بھارت کا بنگلہ دیش دورہ تبدیل، مختصر یا ملتوی کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ متعلقہ حکومتوں کی جانب سے آخری وقت میں مداخلت کے نتیجے میں شیڈول میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔