Wednesday, August 12

پاکستان نے ورلڈ یوتھ اسکریبل ٹیم چیمپئن شپ کا ساتواں عالمی ٹائٹل جیت لیا

لاہور، 10 اگست 2026 (غفران): پاکستان نے 21ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ یوتھ اسکریبل ٹیم چیمپئن شپ کا ٹائٹل ساتویں مرتبہ اپنے نام کرلیا اور عالمی سطح پر یوتھ اسکریبل میں اپنی مضبوط پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ چیمپئن شپ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ ٹرافیاں اپنے نام کیں، احمد سلمان نے انڈر 16 ورلڈ چیمپئن جبکہ عہد سولت فاطمی نے انڈر 14 ورلڈ چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا۔ پاکستان کے تیمور وسیم نے انڈر 10 ورلڈ چیمپئن شپ بھی جیت لی، جبکہ مصطفیٰ فرحان انڈر 12 کیٹیگری میں رنر اپ رہے۔ انفرادی مقابلوں میں بھی تین پاکستانی کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔ پاکستانی کھلاڑی ایان حسن خان نے چیمپئن شپ کا سب سے زیادہ اسکور والا لفظ کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا، جبکہ اعظم صدیقی نے ایک میچ میں سب سے زیادہ اسکور ریکارڈ کیا۔ پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی اس شاندار کارکردگی نے عالمی سطح پر ملک کا نام مزید روشن کیا اور ایک بار پھر مسابقتی اسکریبل میں پاکستان کی مضبوط پوزیشن کا مظاہرہ کیا۔