Wednesday, August 12

روس کے تاتارستان میں ڈرون حملہ، 7 ازبک شہری جاں بحق

تاشقند، 10 اگست 2026 (کامران راجا): روس کے علاقے تاتارستان میں ڈرون حملے کے نتیجے میں 7 ازبک شہری جاں بحق ہوگئے، ازبک قونصل خانے کازان نے تصدیق کردی۔ قونصل خانے نے متاثرین کے حوالے سے فوری طور پر مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ مقامی حکام کے مطابق تاتارستان کے شہر نزہنیکامسک میں صنعتی اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے والے یوکرینی ڈرون حملے میں ایک بچے سمیت کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ 39 زخمی ہوئے۔ وسطی ایشیا کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک ازبکستان کے 20 سے 30 لاکھ شہری روس میں کام کرتے ہیں، جبکہ تارکین وطن کی جانب سے بھیجی جانے والی رقوم ملکی معیشت کا اہم حصہ ہیں۔ ازبکستان نے یوکرین جنگ کے معاملے پر محتاط سفارتی توازن برقرار رکھا ہے اور روس کے ساتھ قریبی تعلقات کے باوجود یوکرین کی علاقائی سالمیت کی حمایت پر زور دیا ہے۔