Sunday, August 9

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں نیو بلیو ایریا میں شاندار آتش بازی

اسلام آباد، 10 اگست 2026ء (غفران): مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی کامیاب تکمیل کی خوشی میں وفاقی دارالحکومت کے نیو بلیو ایریا میں اتوار کی شب شاندار اور رنگا رنگ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ خصوصی جشن کی تقریب ضلعی انتظامیہ اسلام آباد اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے باہمی تعاون سے منعقد کی گئی، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی اور آتش بازی کا دلفریب نظارہ کیا۔ رنگ برنگی آتش بازی سے وفاقی دارالحکومت جگمگا اٹھا اور نیو بلیو ایریا میں جشن کا سماں پیدا ہوگیا۔ شہریوں نے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی خوشی میں بھرپور جوش و خروش اور قومی جذبے کا اظہار کیا۔ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو تین برادر ممالک کے درمیان اتحاد، ایمان اور بھائی چارے کے عزم کی تجدید قرار دیا گیا، جبکہ یہ معاہدہ دفاعی تعاون، باہمی یکجہتی اور اجتماعی سلامتی کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ جشن کے دوران نیو بلیو ایریا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا، جبکہ شہریوں نے معاہدے پر اپنی خوشی اور بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت تینوں برادر ممالک کے درمیان مزید قریبی تعاون، اتحاد اور یکجہتی کے لیے عوامی جوش و جذبے کی عکاسی کرتی ہے، جبکہ تقریب کا اختتام قومی جذبے اور جشن کی فضا میں ہوا اور شہریوں نے شاندار آتش بازی کو بھرپور سراہا۔