Tuesday, August 4

اوپن سندھ پکلبال چیمپئن شپ 2026 کا کراچی میں شاندار آغاز

کراچی، 4 اگست 2026 (کامران راجہ): سندھ پکلبال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام اوپن سندھ پکلبال چیمپئن شپ 2026 کا آغاز منی اسپورٹس کمپلیکس، ناظم آباد کراچی میں ہوگیا۔ دو روزہ چیمپئن شپ یکم سے 2 اگست تک جاری رہے گی، جس میں سندھ بھر سے کھلاڑی بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کر رہے ہیں۔ چیمپئن شپ میں مجموعی طور پر 22 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں، جن میں 10 خواتین اور 12 مرد کھلاڑی شامل ہیں۔ مقابلے مردوں اور خواتین کے سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کی مختلف کیٹیگریز میں منعقد کیے جا رہے ہیں۔

 چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر منی اسپورٹس کمپلیکس میں نئے پکلبال کورٹ کا بھی افتتاح کیا گیا، جو صوبے میں اس تیزی سے مقبول ہونے والے کھیل کے فروغ اور جدید کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ افتتاحی تقریب میں پاکستان اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن  کے صدر مقبول آرائیں اور کراچی اسٹوڈنٹس اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر عظمت پاشا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سندھ میں پکلبال کے فروغ کے لیے سندھ پکلبال ایسوسی ایشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کیا۔چیمپئن شپ میں کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیر آباد، میرپورخاص، سکھر سمیت سندھ کے مختلف اضلاع کے کھلاڑی شریک ہیں، جبکہ اوپن کیٹیگری میں آزاد حیثیت سے بھی کئی کھلاڑی مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ کی نگرانی جنید رئیس اور شاریق صدیقی کر رہے ہیں، جو مقابلوں کے شفاف، منصفانہ اور کامیاب انعقاد کو یقینی بنا رہے ہیں۔ اس موقع پر سندھ پکلبال ایسوسی ایشن کے صدر اے۔ صمد اور سیکریٹری شازیہ پیرزادہ بھی موجود تھیں۔ انہوں نے تمام شریک کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن صوبے بھر میں پکلبال کے فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی اور جدید کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ اوپن سندھ پکلبال چیمپئن شپ 2026 صوبے میں اس ابھرتے ہوئے کھیل کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا مظہر ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور قومی سطح پر آگے بڑھنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے۔