Sunday, August 2

ایران نے ٹرمپ کا دعویٰ مسترد کر دیا، کہا: امریکہ سے حملے نہ کرنے کی کوئی درخواست نہیں کی

تہران، 2 اگست 2026(غفران): ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تہران نے امریکہ سے مزید فوجی حملے نہ کرنے کی درخواست کی ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز ایجنسی کے مطابق فوجی حکام نے صدر ٹرمپ کے بیان کو “ایک اور جھوٹ” قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے امریکہ سے اس نوعیت کی کوئی درخواست نہیں کی۔ حکام کا کہنا تھا کہ ایرانی مسلح افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے قبل دعویٰ کیا تھا کہ ایران نے امریکہ سے مزید حملے نہ کرنے کی درخواست کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے پیش نظر واشنگٹن نے عارضی طور پر مزید کارروائی روک رکھی ہے۔

ایرانی حکام نے ان دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی قومی سلامتی اور خودمختاری کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ تہران اور واشنگٹن کے متضاد بیانات سے دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی ایک بار پھر نمایاں ہو گئی ہے، جبکہ خطے میں سلامتی کی صورتحال اور ممکنہ سفارتی پیش رفت پر بھی عالمی برادری کی نظریں مرکوز ہیں۔