Wednesday, April 15

پاکستان، اٹلی اور ڈنمارک میں تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد 15,اپریل 2026(کامران راجہ): اٹلی کی سفیر مارلینا آرمَلین اور ڈنمارک کی سفیر ماجا مورٹینسن نے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران وزیر تجارت نے پاکستان کے ایک ذمہ دار عالمی شراکت دار کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ملک خطے میں کشیدگی کے دوران مکالمے اور کشیدگی میں کمی کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ عالمی صورتحال، خصوصاً اہم بحری گزرگاہوں جیسے آبنائے ہرمز میں رکاوٹوں نے عالمی سپلائی چین کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں توانائی، خوراک، ادویات اور صنعتی خام مال کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کی 25 کروڑ سے زائد آبادی، قدرتی وسائل اور جغرافیائی اہمیت اسے ایک بڑی معاشی قوت بننے کی صلاحیت دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فی کس آمدن میں بہتری کے ساتھ پاکستان ایک اہم درآمدی اور صارف مارکیٹ کے طور پر ابھر سکتا ہے، جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔ اطالوی اور ڈینش سفراء نے بھی ان امکانات کو تسلیم کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی۔

اجلاس میں نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت جاری اصلاحات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس کا مقصد پانچ سال میں بتدریج ٹیرف میں کمی کر کے برآمدات کو فروغ دینا اور مسابقت بڑھانا ہے۔ وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان ان چند ممالک میں شامل ہے جو ٹیرف میں کمی کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جبکہ دیگر ممالک تحفظاتی پالیسیوں کے تحت ٹیرف بڑھا رہے ہیں۔

ڈیری سیکٹر کی ترقی پر بھی بات چیت ہوئی، جہاں ڈنمارک کی جانب سے ویسٹ مینجمنٹ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات جیسے پروٹین ڈرنکس اور بارز کی تیاری کے منصوبے پیش کیے گئے۔ وزیر تجارت نے ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اس شعبے کو جدید بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔

سرمایہ کاری کے ماحول اور دانشورانہ املاک کے تحفظ پر بھی گفتگو کی گئی۔ سفراء نے فارماسیوٹیکل شعبے میں مجوزہ ترامیم پر خدشات کا اظہار کیا، جس پر وزیر تجارت نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان بین الاقوامی معیار کے مطابق آئی پی قوانین کا تحفظ یقینی بنائے گا اور سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رکھا جائے گا۔

وزیر تجارت نے لائیوسٹاک اور گوشت کے شعبوں میں بڑھتی ہوئی برآمدی طلب کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ معیار بہتر بنا کر اور رسمی شعبے کو مضبوط کر کے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔

ملاقات کے اختتام پر فریقین نے پاکستان، اٹلی اور ڈنمارک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور کاروباری روابط بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔