
کراچی15 اپریل 2026 (کامران راجہ):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے آج کراچی میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں بی آئی ایس پی کے نظام میں مزید شفافیت لانے، سندھ حکومت اور بی آئی ایس پی کے درمیان جاری تعاون بالخصوص ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کی تکمیل کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔*
ملاقات کے دوران کراچی میں بی آئی ایس پی کے لیے *ون ونڈو سینٹر کے قیام* کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ تفصیلات شیئر کی گئیں۔ چیف سیکریٹری سندھ نے اس سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کراچی میں دستیاب سرکاری عمارتوں کی فہرست فراہم کرنے کی پیشکش کی تاکہ مرکزی شاہراہ پر واقع، آسان رسائی والی موزوں عمارت کے انتخاب کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے *بینظیر ہنرمند پروگرام* کے حوالے سے مکمل تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت اس پروگرام کے ذریعے مستحق افراد کو بااختیار بنانے کے لیے بی آئی ایس پی کے ساتھ اپنا اشتراک جاری رکھے گی۔
دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ شفافیت کو برقرار رکھنے اور خدمات کی مؤثر فراہمی کے لیے متعلقہ محکمے اور حکومت سندھ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ ملاقات میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ، ڈی جی کیش ٹرانسفر بی آئی ایس پی محمد ادریس میاں، ڈی جی سندھ ثناء اللہ رند اور کنسلٹنٹ نوید خان بھی موجود تھے۔