
اسلام آباد، 3 اپریل 2026(کامران راجہ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق وزیرِ اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 47ویں برسی کے موقع پر اپنے پیغام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سیاسی اور جمہوری جدو جہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کی سیاسی تاریخ کے ایک مدبر اور دوراندیش رہنما تھے، جن کی سیاسی بصیرت اور عوامی خدمت کو تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک میں جمہوری شعور کو بیدار کیا اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہید بھٹو نے پاکستان کو 1973 کا متفقہ آئین دیا، جو آج بھی ملکی جمہوری نظام کی بنیاد ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی، دفاعی اور عوامی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور عالمی سطح پر ایک باوقار مقام حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید بھٹو کی سیاسی جدوجہد عوامی حقوق، قومی خودمختاری اور وقار کے لیے ایک اعلیٰ مثال تھی۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جمہوری جدو جہد اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے دی جانے والی قربانیاں آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اسپیکر نے کہا کہ ہمیں شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن اور جمہوریت کیلئے دی جانے والی خدمات کے تناظر میں آج کے دن اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم جمہوریت، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے، کیونکہ مضبوط جمہوری ادارے ہی پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔