
اسلام آباد، 26 مارچ 2026(کامران راجہ):پاکستان کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی زونگ نے وزارت موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی اور پاکستان ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کے اشتراک سے اسلام آباد کے علاقے شکرپڑیاں میں شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
اس موقع پر منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ پالیسی سازوں، ماہرین ماحولیات، طلبہ و طالبات، میڈیا نمائندگان اور زونگ کی قیادت نے بھی بھرپور شرکت کی۔
یہ اقدام زونگ کے اس وژن کی عکاسی کرتا ہے جس کے تحت ٹیکنالوجی میں جدت کو ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ہم آہنگ کیا جا رہا ہے۔ ادارہ مضبوط شراکت داری کے ذریعے ایسے پائیدار اقدامات کو فروغ دے رہا ہے جو پاکستان کے طویل المدتی ماحولیاتی توازن اور موسمیاتی استحکام میں اہم کردار ادا کریں گے۔
شجرکاری مہم کے تحت شکرپڑیاں کے ان علاقوں میں مقامی موسمی حالات سے مطابقت رکھنے والے پودے لگائے گئے ہیں جو اسلام آباد ایکسپریس وے کے اطراف واقع ہیں اور جہاں سبزہ کم ہونے کا رجحان دیکھا گیا تھا۔ یہ ہدفی شجرکاری شہری ماحول کو بہتر بنانے، کاربن کے اخراج میں کمی، حیاتیاتی تنوع کے فروغ اور فضائی معیار کی بہتری میں معاون ثابت ہوگی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے کہا کہ درخت گرین ہاؤس گیسوں کے اثرات کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں کیونکہ یہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کو جذب کر کے آکسیجن فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے شجرکاری کو ایک مسلسل صدقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمل نہ صرف ماحولیاتی بہتری بلکہ قومی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے زونگ اور اس مہم میں شریک تمام رضاکاروں، طلبہ اور اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔
زونگ کی ڈائریکٹر اسٹریٹجی نبیلہ یزدانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پائیداری کمپنی کے بنیادی نظریے کا حصہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ زونگ نہ صرف درخت لگانے بلکہ ماحولیاتی ذمہ داری کے فروغ اور افراد کو پائیدار طرزِ زندگی اپنانے کے لیے بااختیار بنانے کے لیے بھی سرگرم ہے۔
زونگ اپنی وسیع حکمت عملی کے تحت سبز ٹیکنالوجی کو فروغ دینے، توانائی کے مؤثر استعمال اور ماحول دوست حل متعارف کرانے کے ذریعے ایک صاف اور سرسبز پاکستان کے قیام میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔
یہ اقدام اس بات کا مظہر ہے کہ زونگ نہ صرف ایک ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی بلکہ پائیدار ترقی کے ایک اہم محرک کے طور پر ابھر رہا ہے، جو مستقبل کی کنیکٹیویٹی کو ماحولیاتی ذمہ داری کے اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کے لیے پرعزم ہے۔