
پشاور | 25 جنوری 2026 (کامران راجہ):ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے پشاور سے دوحہ جانے والی پرواز پر مسافروں کی مؤثر پروفائلنگ اور اسکریننگ کے دوران منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف کے تربیت یافتہ عملے نے دوحہ جانے والی پرواز کے ایک مشتبہ مسافر کی نقل و حرکت کو مشکوک قرار دیتے ہوئے کڑی نگرانی شروع کی۔ سامان کی اسکریننگ کے دوران مسافر کے ٹرالی بیگ کو مشتبہ قرار دیا گیا، جس پر بیگ کی دستی تلاشی لی گئی۔
تلاشی کے دوران اے ایس ایف عملے نے بیگ کی تہہ میں نہایت مہارت سے چھپائی گئی 1.004 کلوگرام آئس ہیروئن برآمد کر لی۔ برآمدگی کے فوراً بعد مسافر کو حراست میں لے لیا گیا۔
ابتدائی تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزم کو برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف)کے حوالے کر دیا گیا۔
اے ایس ایف ملک کے ہوائی اڈوں پر سیکیورٹی کو یقینی بنانے اور منشیات اسمگلنگ سمیت دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت چوکس اور پرعزم ہے۔