
صنعاء، 13 اکتوبر 2026 (نوشین): یمن کی مسلح افواج نے دعویٰ کیا ہے کہ ’’آپریشن ڈان آف یمن‘‘ کے تحت کی جانے والی 1,879 کارروائیوں کے دوران تقریباً 950 حوثی جنگجو ہلاک جبکہ 380 فوجی گاڑیاں اور دیگر عسکری سازوسامان تباہ یا ناکارہ بنا دیا گیا۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق یمنی مسلح افواج کے ترجمان کرنل ماجد النزیلی نے بتایا کہ کارروائیوں میں حوثی فوجی ٹھکانوں کو لڑاکا طیاروں، ڈرونز، توپ خانے، راکٹ لانچروں اور اسنائپر یونٹس کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی اندازوں کے مطابق تقریباً 950 حوثی جنگجو ہلاک ہوئے، جبکہ 380 فوجی گاڑیاں، رسدی وسائل اور دیگر سازوسامان تباہ یا ناقابلِ استعمال بنا دیا گیا۔ ترجمان کے مطابق کارروائیوں سے حوثیوں کی فائرنگ کی پوزیشنیں متاثر ہوئیں اور ان کے کمانڈ اینڈ کنٹرول نظام اور رسد کے نیٹ ورکس میں خلل پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ اہداف میں مضبوط مورچے، دفاعی تنصیبات، کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز، توپ خانے اور راکٹ لانچروں کی پوزیشنیں، نگرانی اور انٹیلی جنس کی تنصیبات، کمک پہنچانے کے راستے، اسلحے اور گولہ بارود کے ذخائر، فوجی نقل و حمل کے ذرائع اور رسدی اثاثے شامل تھے۔ ماجد النزیلی نے مزید کہا کہ تعز میں فضائی حملوں کے دوران حوثیوں کی کمک اور ان جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا جو اگلے محاذوں کی جانب بڑھ رہے تھے۔ ان کے بقول، حملوں کے نتیجے میں حوثیوں کے اجتماع منتشر ہوئے اور اپنی پوزیشنیں مضبوط کرنے اور دوبارہ منظم ہونے کی کوششوں میں خلل پڑا۔ ترجمان نے دعویٰ کیا کہ تمام کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق کی گئیں اور شہریوں اور ان کی املاک کے تحفظ کے لیے اہداف میں امتیاز، تناسب اور احتیاط کے اصولوں کو مدنظر رکھا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فوجی انجینئرنگ یونٹس دوبارہ حاصل کی گئی پوزیشنوں اور ملحقہ علاقوں سے بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد صاف کر رہی ہیں تاکہ فوجی اہلکاروں اور شہریوں کی واپسی کو محفوظ بنایا جا سکے۔ تاہم، ہلاکتوں اور تباہ شدہ فوجی سازوسامان سے متعلق ان اعداد و شمار کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔