Thursday, November 19

یمن میں کشیدگی کے دوران سعودی عرب نے مشترکہ افواج کے کمانڈر کو تبدیل کر دیا

Saudi Arabia Replaces Commander of Joint Forces Amid Escalating Tensions in Yemen

اسلام آباد، 16 نومبر 2026 (کامران راجہ): سعودی عرب نے یمن میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حوثی باغیوں کی پیش قدمی کے تناظر میں مشترکہ افواج کی کمان میں تبدیلی کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل فیاض بن حامد الرویلی کو نیا کمانڈر مقرر کر دیا ہے۔ شاہی فرمان کے تحت لیفٹیننٹ جنرل فہد بن حمد السلمان کو عہدے سے ہٹا کر وزیر دفاع کا عسکری امور سے متعلق مشیر مقرر کیا گیا ہے۔ سعودی سرکاری میڈیا کے مطابق جنرل فیاض الرویلی اپنی موجودہ ذمہ داریاں برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ افواج کی کمان بھی سنبھالیں گے۔ فوجی قیادت میں یہ تبدیلی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب یمن میں حکومتی فورسز کی پسپائی کے باعث حوثی باغیوں کی جنوبی ساحلی شہر عدن کی جانب پیش قدمی کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق حکومتی فوجیوں کی پسپائی سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ کے مزید علاقوں پر قبضے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے، جبکہ اسے باغیوں کے خلاف چھ ہفتوں سے جاری فوجی کارروائی کے لیے بھی ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مشترکہ افواج کے کمانڈر کی تبدیلی سے متعلق شاہی فرمان شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے جاری کیا۔ فیصلے کے تحت فہد السلمان وزیر دفاع کے عسکری امور کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے، جبکہ جنرل فیاض الرویلی یمن میں اتحادی افواج کی مشترکہ فوجی کارروائیوں کی نگرانی اور رابطہ کاری کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔